سانحہ مچھ، داعش اور اسلام دشمن قوتوں کی پست فطرتی کی علامت ہے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی شوریٰ عالی کے رکن اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے سانحہ مچھ کی پہلی برسی کے موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنان دین اور شیطانی طاقتوں کی سازشوں کے نتیجے میں سرزمین پاکستان بلخصوص بلوچستان بار بار ہمارے مومین کے خون سے رنگین ہوئی ہے۔ بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ دشمنان اسلام اور انکے گماشتے سانحہ مچھ میں ان غریبوں کو بھی نہیں بخشا جو فقر و مجبوری کے عالم میں کوئلے کی کان میں تقریباً 4 سو میٹر گہری زمین کے اندر کام کرتے ہیں، وہاں شدید خطرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد کانوں کا دورہ کرچکے ہیں انہیں ان مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے کہ پہلے چار سو میٹر پہاڑ کے اندر جانا ہوتا ہے اور پھر وہاں مزید 200 میٹر زیر زمین جاکر کام کرنا ہوتا ہے۔ وہاں جان کا خطرہ مسلسل رہتا ہے۔ اگر مجبوری نہ ہو تو کوئی بھی شخص اس پیشہ کا انتخاب نہیں کرتا ہے۔ ہمارے شہداء بھی مجبوری کی حالت میں گئے تھے، اور آج بھی بڑی تعداد میں ہزارہ مومنین ان کانوں میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں کوہاٹ، آئی ایس او کے زیر اہتمام تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد
علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ اسلام کے دشمن اس قدر پست ہیں کہ انہوں نے ان معصوم اور مجبور مومنین کو بھی نہیں بخشا اور رات کی تاریکی کا سہارا لیتے ہوئے ان پر اس وقت حملہ کیا، جب وہ آرام کررہے تھے اور انہیں بے دردی سے شہید کردیا۔
انہوں نے کہا کہ یقیناً یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ یہ داعش، اسلام کے دشمنوں، شیطانی قوتوں اور ان جیسے خبیثوں کی پستی اور پست فطرتی کی علامت بھی ہے۔
علامہ ھاشم موسوی نے کہا کہ یہ سانحہ جب رونماء ہوا تو پوری دنیا کے ہر آزاد فرد کو دکھ اور درد کا احساس ہوا۔ اسی سلسلے میں ہم کوئٹہ کے مومنین بیدار ہوگئے اور دھرنے کا آغاز کیا۔ جسکے نتیجے میں کامیابیاں ملیں۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے سانحہ مچھ کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔