شہید حسن نصر اللہ آسمان مقاومت کا درخشندہ ستارہ، حزب اللہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عبدالملک الحوثی
شیعہ نیوز: انصار اللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت کی مناسبت سے رہبر معظم انقلاب اسلامی، ان کے لواحقین، لبنانی قوم، فلسطینی عوام اور مقاومت کو تعزیت پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت سے پوری امت مسلمہ کا نقصان ہوا ہے، ایک عمر راہ خدا میں جہاد کے بعد پاکیزہ روح کے ساتھ شہادت کی موت ان کو مبارک ہو، وہ آسمان مقاومت کا درخشندہ ستارہ، کامیاب کمانڈر اور اسلامی اخلاق کے پیکر تھے، انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حزب اللہ میں قابل قدر کارنامے انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مقاومت کے حامی بخوبی جانتے ہیں کہ راہ خدا میں جہاد شہادت پر منتہی ہوتا ہے، حزب اللہ نے پہلے دن سے ہی اپنے کمانڈروں، جوانوں اور حامیوں کو روح حسینی سے سرشار کیا ہے، الہی بندوں کی قربانی رائیگاں نہیں جاتی بلکہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے فتح اور عاقبت بخیری عطا کرتا ہے۔ عبدالملک الحوثی نے مزید کہا کہ اس وقت دشمن صہیونیوں کی جانب سے حزب اللہ کے حوصلے پست کرنے کی مکروہ سازشوں کو ناکام بنانے کی اشد ضرورت ہے، شہید اسلام و انسانیت حسن نصر اللہ کے ساتھ وفاداری صبر، استقامت، اللہ سے مدد طلبی اور اس پر اعتماد و توکل سے ہی ممکن ہے۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ صہیونی حکومت شہید ہنیہ پر حملے کے بعد اپنے اہداف میں ناکام ہوگئی تھی، اسی طرح شہید حسن نصر اللہ پر حملے کے بعد بھی دشمن کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، دشمن صہیونی جنایت پر یقین رکھتے ہیں تاہم اپنے اہداف کے حصول میں بری طرح ناکام ہوں گے اور اللہ کے وعدے مطابق ان کی شکست یقینی ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم حزب اللہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور دشمن صہیونیوں کی خواہشات کے برعکس جہادی محاذ اور پرچم اسلام نہ صرف باقی رہے گا بلکہ مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، نبرد جاری ہے اور صہیونی اسلام اور مسلمانوں کے دشمن اور انسانیت کے لیے خطرہ ہیں، ہم لبنانی اور فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مجاہدین کے ساتھ ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔ الحوثی نے کہا کہ ہم ثابت قدم رہیں گے، شہداء کا مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا۔