
فلسطین و کشمیر میں لا کھوں بچے اسرائیلی و بھارتی جارحیت کا شکار ہیں، مریم نواز
شیعہ نیوز:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں لا کھوں معصوم بچے اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کا شکار ہیں۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب بچوں کی معصوم مسکراہٹیں آہوں اور سسکیوں میں بدل جائیں تو انسانیت کا سر جُھک جاتا ہے، غزہ میں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہزاروں ننھی لاشیں اسرائیلی جارحیت پر عالمی بے حسی کا نوحہ ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونیوالی عمارتوں میں ملبہ ہی نہیں ہزاروں معصوم بچپن بھی دفن ہو گئے، کشمیر کی فضائیں اُن بچوں کی سسکیوں سے بوجھل ہیں جنہیں تا ابد خاموش کر دیا گیا، دنیا بھر کے جارحیت کے شکار بچوں کا المیہ انسانی تاریخ کا سیا ہ رخ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے جنگوں میں ہی نہیں بلکہ حالت امن میں بھی بد قسمتی سے جارحیت کا شکار ہیں، پنجاب میں معصوم بچوں کو ہر قسم کے استحصال اور جارحیت سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے، پنجاب کی صوبائی کابینہ نے پاکستان میں پہلی بار ’چائلڈ پروٹیکشن پالیسی‘ کی منظوری دی ہے۔