لاپتہ شیعہ وکیل یافث ہاشمی کو 15 دن میں بازیاب کروایا جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ مسٹر جسٹس اطہر من اللہ نے اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے شیعہ وکیل یافث نوید ہاشمی کو جلد از جلد بازیاب کرنے کی ہدایت کی ہے اور اسلام آباد سے ایک معزز وکیل کی گمشدگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ ملتان ڈسٹرکٹ بار کے سابق نائب صدر، محمد نوید ہاشمی سابق سیشن جج بہاولپور کے صاحبزادے اور قارب نوید ہاشمی ایڈووکیٹ ملتان کے بڑے بھائی ہیں جو اگست کی چھٹیوں میں اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ اسلام آباد کی سیر کو آئے تھے ۔ انہیں کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال بلو ایریا اسلام آباد کی پارککنگ سےچند نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے تھے جو کہ تاحال بازیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
یافث نوید ہاشمی کی گمشدگی کے خلاف ملتان بار نے شدید احتجاج کیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں یافث نوید ہاشمی کی بازیابی کیلئے رٹ پیٹیشن بھی دائر کی تھی۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس اطہر من اللہ نے یافث نوید ہاشمی کی عدم بازیابی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو پندرہ یوم کے اندر یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ کی بازیابی کا حکم دیا ہے بصورت دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ملتان بار کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن میں انکے وکیل آصف ممتاز ملک پیش ہوئے۔