
خوشاب، انجمن حسینیہ کے زیر انتظام عزاداری کونسل کا اجلاس
شیعہ نیوز: انجمن حسینیہ جوپر آباد کے زیر انتظام ضلع خوشاب کی عزاداری کونسل کا اجلاس مرکزی جامع مسجد حسینیہ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے بانیان عزاداری، بانیان مجالس اور جلوس، شیعہ علمائے کرام اور ماتمی سنگتوں کے سالاران سمیت کثیر تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارات علامہ سید محمد تقی نقوی نے کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں پولیس کتابچہ میں غلط اندراجات، گھروں کے اندر ہونے والی عزاداری کے پروگرامز پر بے جا پابندیوں پر احتجاج کیا۔ مجالس کے اجازت نامہ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ عشرہ محرم میں انتظامیہ کے نامناسب رویہ پر عدم اعتماد کیا گیا، متفقہ طور پر مرکزی امام بارگاہ میں محرم ایمرجنسی کنڑول سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، انجیئنیر ملک امداد حسین بگھور کو متفقہ طور پر عزاداری کونسل ضلع خوشاب کا صدر نامزد کیا گیا۔
مقررین میں ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی حاجی دلدار حسین بلوچ، ممبر امن کمیٹی سید عابد شیرازی، راجہ غلام شبیر جنجوعہ صدر انجمن حسینیہ، سید مزمل رضا زیدی ایڈوکیٹ، مولانا ذکی الحسنین بلوچ، حسن عمران ملک فوکل پرسن سابق مشیر وزیر اعلی پنجاب، ملک امداد حسین بگھور صدر عزاداری کونسل ضلع خوشاب، سید ضیا اکبر کاظمی، سردار مصور حسنین خان، مولانا سید محمد تقی نقوی، مولانا سید حیدر علی نقوی، ڈاکڑ ملک ربنواز اعوان نے خطابات میں عزاداری کونسل کے قیام پر انجمن حسینیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر طے پایا کہ عید قربان کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر خوشاب، ڈی پی او، ڈسڑکٹ آفیسر 1122، چیف آفیسر بلدیہ، ایکسین واپڈا، ممبران امن کمیٹی، انجمن تاجران اور دیگر مذہبی اور دینی شخصیات سے عزاداری کونسل کا نمائندہ وفد ملاقات کرے گا اور مسائل کے حل کے لے عزاداری کونسل اپنا کردار ادا کرے گی۔
ضلع خوشاب کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا پروگرام تھا جس میں 192 بانیان مجالس، بانیان جلوس نے شرکت کی اور ضلع بھر کی ماتمی سنگتوں کے سالاران سمیت علمائے کرام اور مومنین کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عزاداری کونسل ضلع خوشاب کے اجلاس کے موقع پر اہل تشیع ضلع خوشاب کی طرف سے قومی سطح کی مذہبی جماعتوں کی عدم دلچسپی اور عدم شرکت پر مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں عزاداروں کے ماہ محرم ماہ صفر میں عزاداری کے مسائل کو تفصیلی نوٹ کیا گیا اور عزاداری کونسل کی ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ جن میں یوتھ کونسل، شعبہ خواتین، لیگل ایڈوائزی کونسل، میڈیا سیل اور ایمرجنسی محرم سیل کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ عزاداری کونسل کا نمائندہ وفد ترتیب دیا گیا جو عید قربان کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر اور ڈسڑکٹ پولیس آفیسر ضلع خوشاب سے تفصیلی ملاقاتیں کرے گا اور عزاداری کے متعلقہ مسائل کی نشاندہی اور حل کے لے جدوجہد کرے گا۔