عزاداری سید الشہداؑ کسی کے خلاف نہیں بلکہ یہ باہمی بھائی چارے کو مستحکم کرتی ہے: علامہ شبیر میثمی
شیعہ نیوز: سربراہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ عزاداری کسی مسلک یا مکتب کی اجارہ داری نہ ہی کسی کے خلاف ہے، غم حسینؑ نے پوری انسانیت کو یکجا کردیا ہے، ایام عزا میں ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو معاشرے میں بے چینی کیساتھ ساتھ جائز حقوق کے راستے میں رکاوٹوں کے مترادف ہوں۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی اور سیکرٹری مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان سید سکند عباس گیلانی ایڈووکیٹ نے ارباب اختیار کو متوجہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا ماہ مقدس شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی نہ صرف یاد دلاتاہے کہ بلکہ ظلم و جبر کیخلاف کھڑے ہونے اور حریت فکر کی سب سے بڑی رہنمائی کا ذریعہ ہے، ملک کے معروضی حالات کے سبب عوامی تحفظ کی خاطر اقدامات ضروری البتہ ایسے انداز میں کئے جائیں جس سے نہ تو عوام کے جائز حقوق متاثر ہوں اور نہ خوف و ہراس کی فضاء پھیلے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم روز اول سے متوجہ کرتے آئے کہ ہمیں سنگینوں کے سائے، کنٹینرز کی قطاروں، خار دار تاروں اور راستوں کی بندش میں عزاداری قبول نہیں کیونکہ عزاداری سید الشہداؑ کسی خاص مکتب یا مسلک سے نہ تو منسلک ہے نہ ہی کسی کے خلاف ہے جو امن و امان کو متاثر کرے بلکہ یہ باہمی بھائی چارے کو مستحکم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم کے آغاز کیساتھ ہی معاشرے کے انتہائی معزز و محترم شخصیات کو بھی بلاجواز فورتھ شیڈول جیسی بدنام زمانہ فہرستوں میں نہ صرف شامل کیا جاتا ہے بلکہ اپنے ہی ملک کے بعض شہروں میں ان کے جانے پر پابندیوں کے اعلانات کردیئے جاتے ہیں،یہ روایتی گھسی پٹی حرکتیں ہیں جس سے معاشرے میں اصلاح کی بجائے بگاڑ جنم لیتا ہے لہٰذا ایسے اقدامات سے گریز کیا جانا لازمی ہے۔