ایم ڈبلیوایم کے وفد کی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق قوانین میں مذید بہتری کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پوری دنیاکو مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور اہمیت کی جانب متوجہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب و مرکزی پولیٹکل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم سید اسد عباس نقوی نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے اسلام آباد میں ملاقات میں کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عام پاکستانیوں کو انسانی حقوق سے متعلق قوانین کی آشنائی دینا ضروری ہے جس کے لئے ملک گیر آگاہی پروگرام کا اجرا ہونا چاہئے۔کشمیر پر تحریک انصاف کی حکومت کا اقوام عالم کے سامنے دوٹوک موقف دونوں طرف کے کشمیریوں کے دلوں کی آواز تھی۔مسئلہ کشمیر اس سے قبل اتنے بہتر اور مدلل انداز میں دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا جاسکا تھا۔ آج دنیا کشمیر کے مسئلے کی جانب متوجہ ہوئی ہے۔
اس موقع پر وفا قی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے کہا کہ عام پاکستانیوں کے مسائل کے حل سمیت بنیادی انسانی حقوق کی ملک بھر میں فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انسانی حقوق سے متعلق قوانین میں مذید بہتری کی گنجائش موجود ہے جس پر ہم کام کررہے ہیں۔ اس ملاقات میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سیاسیا ت سید محسن شہریار بھی ہمراہ تھے۔