جنت البقیع کی مسماری کا سعودی اقدام امت مسلمہ کے دل پر کاری ضرب ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں 8 شوال کو یوم انہدام جنت البقیع کے طور پر منایا گیا، مظاہرین نے جنت البقیع میں ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی اور اسکی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی مرکزی ریلی ملتان میں چوک گھنٹہ گھر سے فوراہ چوک تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، علامہ ناصر سبطین ہاشمی اور مرزا وجاہت علی نے کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ انہدام جنت البقیع سعودی حکومت کی ایسی ناپاک جسارت ہے، جس پر غم و غصے کا جتنا بھی اظہار کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنت البقیع کی مسماری کا سعودی اقدام امت مسلمہ کے دل پر کاری ضرب ہے۔
علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا ایک طبقہ مسلسل مزارات کی بے حرمتی میں مصروف ہے، داعشی فکر اور سوچ نے پاکستان میں داتا دربار، عبداللہ شاہ غازی، شہباز قلندر اور سخی سرور دربار پر حملے کیے ہیں۔
مزارات پر حملہ اور قبور کو شہید کرنا داعشی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ شام میں صحابی رسول عمار یاسر، حجر بن عدی، اویس قرنی اور دیگر کو شہید کرنے والے عناصر نے عمر بن عبدالعزیز کے مزار کو شہید کیا، عمر بن عبدالعزیز وہ واحد اموی خلیفہ تھا، جس نے اہلبیت کو ان کا حق واپس کیا، عمر بن عبدالعزیز کے مزار پر اہلبیت کے بغض میں حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے عناصر کو اسلام دشمن سمجھتے ہیں، چاہے وہ شام میں عمر بن عبدلعزیز کے مزار کو شہید کرنے والے ہوں یا جنت البقیع میں موجود امہات المومنین، ازواج مطہرات، آئمہ اہلیبیت اور صحابہ کرام کے مزار کو شہید کرنے والے ہوں۔ پاکستان میں ایک منظم سازش کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے، حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔
ریلی میں سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، مولانا فرمان علی روحانی، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا عمران ظفر، مولانا مجاہد عباس گردیزی، مولانا ناصر سبطین ہاشمی، مولانا اعجاز حسین، مولانا مظہر حسین صادقی، مولانا غیور عباس، مولانا مظہر قیوم، قاری سلمان محمدی، مولانا جعفر قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔