ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ’’وحدت کانفرنس‘‘ لاہور میں ہوگی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پُرمسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ سیاسیات کے زیراہتمام وحدت کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق 17 نومبر بروز اتوار ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ اس کانفرنس میں ملک بھر سے جید شیعہ سنی علمائے کرام، زعمائے کرام، سجادہ نشین حضرات شرکت کریں گے جبکہ خصوصی خطاب سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات اور فوکل پرسن برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی ذات اقدس تمام مسلمانوں کے درمیان نقطہ وحدت ہے، وطن عزیز میں بین المسالک ہم آہنگی کیلئے یہ کانفرنس سنگ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز خصوصاً انتہاء پسندی، دہشتگردی، فرقہ واریت اور مذہبی مقدسات کی آڑ میں مذموم مقاصد کے حصول کی کوششوں کیخلاف تمام محب وطن شیعہ سنی علمائے کرام اور اکابرین اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
اسد عباس نقوی نے مزید کہا کہ وحدت کانفرنس میں شرکت کیلئے معزز مہمانان گرامی کو دعوت دینے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔