فیصل رضا عابدی کا انکشاف، مجھے اور نواز شریف کو جیل میں زہر دیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجھے جیل میں زہر دیا گیا میرا وزن کم ہوتا چلا گیا، میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ نواز شریف کو بھی زہر دیا گیا اس بات کا انکشاف پیپلز پارٹی کے سابق رہنما و سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی نے کراچی پریس کلب مین پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
پیپلز پارٹی کے سابق رہنما فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی کا جو کردار رہا اس نے عالمی کرداروں کو شکست دی۔ لوگوں کو لگتا تھا کہ ملک میں کچھ بھی ہو جائے سب سے شدید ردعمل کراچی سے آتا ہے۔
کراچی میں تمام قومیتیں رہتی ہیں، کراچی میں سندھی وڈیرے اپنی سیاست کریں، شہر میں سندھی بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ آج کے بعد کراچی بالکل بے فکر ہو جائے، ہم عملی طور پر پہلا قدم لے رہے ہیں۔ میرے پاس زیادہ وقت نہیں ہے، مجھے بہت کم وقت میں کام کرنا ہے۔ ہمارے اقدامات کا پھل اگلی نسل کو ملے گا، جنگیں فوج نہیں قوم لڑتی ہے جس کا فقدان دیکھنے میں آرہا ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظام انصاف نیچے سے چوتھے نمبر پر ہے، میرا اور نظام انصاف کا پرانا تعلق ہے، میرے گھر والوں اور والدین کا تعلق پیپلز پارٹی سے رہا، ہم نے کوڑے بھی کھائے، ہر محکمے میں دو نظریے موجود ہیں چاہے وہ سیاست ہو عدلیہ یا صحافت۔
فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت افواج پاکستان اور پرویز مشرف کو دھوکہ نہ ملا ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی، زبردستی طاقت اور بندوق کی زور پر بات منوائی نہیں جا سکتی، پرویز مشرف کو ناکام کرنے کے لئے جو ایجنڈا کرتا ہے وہ الیکشن بھی جیت جاتا ہے اور مراعات بھی دی جاتی ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں فوجی جوانوں کی قاتل کالعدم جماعتیں پاک فوج کی عزت وعظمت کے علمبردار بن گئیں
انہوں نے کہا کہ یہ غلط ہے 2018ء میں اسٹیبلشمنٹ صرف پی ٹی آئی کو لے کر آئی، اسٹبلشمنٹ جس کی جتنی حیثیت تھی اس کا اتنا لے کر آئی، صرف تحریک انصاف نہیں اسٹیبلشمنٹ پی پی پی اور باپ کو بھی لے کر آئی، جو نقصان ہوا اس میں صرف افتخار چوہدری ذمہ دار نہیں، عدلیہ فوج میڈیا سب ذمے دار ہیں، میرا مطالبہ تھا جمہوری مارشل لاء کا جس پر مجھ سے پیپلز پارٹی نے استعفیٰ لے لیا، آپ کی پارلیمنٹ میرے قرض کی مقروض ہے، آپ اپنے ایک سینیٹر کو انصاف نہیں دے سکے کسی اور کو کیا انصاف دیں گے۔
فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے تقاضے پر مجھے کراچی بدر کردیا گیا، مجھے صرف محرم پر کراچی آنے کی اجازت تھی، مجھے بہت بار بیرون ملک کے ایئرپورٹ پر روک کر پوچھا گیا کہ تمہارا آئی ایس آئی میں عہدہ کیا ہے، میرا آئی ایس آئی میں کوئی عہدہ نہیں مگر میرے سر کا تاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2016ء میں ثاقب نثار نے سب سے پہلے لبیک کہا، افغانیوں کو پاکستانی بنانے کا نظریہ دیا گیا تاکہ عمران نیازی کو فائدہ ہو۔ پاکستانی قوم کو ثاقب نثار کو ڈبل سر کا خطاب دینا چاہیئے۔ میں نے قوم کو بتانے کی کوشش کی کہ افغانیوں کو پاکستانی کیا جارہا ہے، میں نے سچ بتانا شروع کیا تو مجھے جیل میں ڈال دیا گیا، آصف زرداری کی کوششوں پر مجھے رہا کرنا پڑا۔ میں اکیلا تھا اور مردم شماری پر اس وقت کے چیف جسٹس سے ٹکرا گیا۔
فیصل رضا عابدی نے کہا کہ میں نے ثاقب نثار کے بارے میں بات کی تو فورا سوموٹو ہوگیا، مجھے سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔ آج نیازی کی ہائیکورٹ سے گرفتاری غیر قانونی کیسے ہوگئی؟ سپریم کورٹ نے مجھ پر دہشگردی کا مقدمہ کروا دیا۔ مجھے جیل میں زہر دیا گیا میرا وزن کم ہوتا چلا گیا، میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ نواز شریف کو بھی زہر دیا گیا۔ مجھے بری کر دیا گیا اور سپریم کورٹ کو شکست ہوئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں شہریوں پر گولی چلانے والا کلچر تبدیل ہونا چاہیئے، مولانا مزمل حسین
فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ مجھ پر دہشگردی کا کیس چلانے والے تینوں ججز کو فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میری جماعت کا ممبر بننے کے لئے اپکو شہید ہونا ہوگا۔ پاکستان کی فوج اپنے نظام انصاف کی وجہ سے نمبر ون ہے، پریڈ کی وجہ سے نہیں۔
میں سیاست میں نہیں آؤنگا، پہلے اپنے پرانے مشن مکمل کروں گا، شفاف مردم شماری اور افغانیوں کو دیا گیا پاکستان کارڈ کینسل کروانا میرا مشن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر فوج ختم ہوجائے تو عوام سوچیں ان لوگوں کے رحم و کرم پر کیسے رہیں گے آپ، ہم سیاست کے لئے نہیں ریاست کے لئے کام کریں گے، جانے سے پہلے ہزاروں فیصل رضا عابدی بنا کر جاؤں گا، فوج گولی چلاتی تو نعرہ تیار تھا "پختونوں کا قتل عام” سیاست دانوں کو آج فوج چھوڑ دے تو یہ تڑپ جائیں گے، سیاستدانوں کے زیادہ تر کام تو فوج ہی کرتی ہے، اپنے مشن مکمل کرنے سے پہلے سیاست میں نہیں آؤنگا، تین ماہ بعد نکلوں گا، پھر یا تو مر جائیں گے یا ملک فوج کے حوالے کریں گے۔