
عمان نے امریکہ کو ایران کے جواب سے آگاہ کردیا، امریکی میڈیا
شیعہ نیوز:امریکی میڈیا کے مطابق عمان نے صدر ٹرمپ کے خط کے بارے میں ایران کے جواب سے واشنگٹن کو آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی ویب سائٹ آکسیوس نے کہا ہے کہ ایران نے باضابطہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کا جواب سلطنت عمان کے ذریعے امریکہ کو پہنچایا ہے۔
عمانی ذرائع کے مطابق، یہ پیغام جلد ہی امریکی حکام تک پہنچا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : عرب میڈیا میں ایران میں جاری یوم القدس کے “بے مثال ملین مارچ” کی عکاسی
باخبر ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر آکسیوس کو بتایا کہ ایران نے جوہری مذاکرات سے متعلق ٹرمپ کے خط کا جواب عمان کے ذریعے امریکہ کو بھیجا ہے۔
ایک معتبر ذریعے نے آکسیوس کو بتایا کہ عمانی حکام نے ایرانی جواب کے عمومی نکات سے امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے، جبکہ باضابطہ خط آئندہ چند روز میں وائٹ ہاؤس پہنچے گا۔
ذرائع کے مطابق، عمان اب بھی ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
قبل ازیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا تھا کہ ایران، زیادہ سے زیادہ دباؤ کے تحت ٹرمپ انتظامیہ سے براہ راست مذاکرات نہیں کرے گا، تاہم سفارتی ذرائع کے ذریعے بالواسطہ بات چیت کے لیے تیار ہے۔