پاکستانی شیعہ خبریں

فلسطین کانفرنس، محمد حسین محنتی کی علامہ باقر زیدی و علامہ ناظر تقوی سے ملاقات و شرکت کی دعوت

شیعہ نیوز:جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست اسرائیل نے فلسطین کے چھوٹے سے علاقے غزہ پر قیامت برپا کر رکھی ہے، مگر مسلم حکمرانوں کی بے حسی افسوسناک ہے، اسرائیل کی درندگی سے معصوم بچے، خواتین اور اسپتال بھی محفوظ نہیں ہیں، جس پر عالمی ضمیر اور انسانی حقوق کے اداروں کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے، او آئی سی سمیت مسلم حکمرانوں و عالمی ضمیر کو فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، ایسا نہیں کیا گیا تو تاریخ انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی، جماعت غرباء اہلحدیث کے مولانا پروفیسر حافظ محمد سلفی اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ سید ناظر عباس تقوی سے ملاقات کے دوران کیا، محمد حسین محنتی نے رہنماؤں کو جماعت اسلامی سندھ کے تحت 19 اکتوبر کو مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کی زیر صدارت قباء آڈیٹوریم کراچی میں غزہ کی صورتحال پر ہونے والی فلسطین کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔

علامہ باقر عباس زیدی نے فلسطین کانفرنس کو بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں انسانیت سوز مظالم کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں، مگر وہ اپنی تمام تر فوجی اور جدید اسلحے کی طاقت کے باوجود فلسطینی عوام کے شوق شہادت اور جذبہ جہاد کو شکست نہیں دے سکتا۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ ناظرعباس نقوی نے کہا کہ امریکا شیطان کی سرپرستی میں صہیونی ریاست نے غزہ میں قیامت ڈھا دی ہے، مگر مسلم حکمران بے حسی کی عملی تصویر بنے ہوئے ہیں، اللہ کی نصرت فلسطینی عوام کے ساتھ اور شکست اسرائیل کا مقدر بن چکی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی عہدیداران بھی ساتھ موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button