پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

گندم کی قیمت میں اضافے کیخلاف احتجاج، اسلامی تحریک جی بی کی تیاریاں

شیعہ نیوز: گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت میں اضافے کے خلاف اسلامی تحریک پاکستان نے یکم جنوری سے شدید احتجاج کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا۔ رکن گلگت بلتستان اسمبلی ایوب وزیری کیطرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز اسلامی تحریک گلگت بلتستان کی صوبائی رابطہ کمیٹی کے سربراہ شیخ مرزا علی اور سینیئر رہنما اسلامی تحریک پاکستان ورکن گلگت بلتستان اسمبلی محمد ایوب وزیری نے جعفرآباد نگر میں مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی اور عوامی تنظیموں کے ذمہ داران سے ملاقات کر کے گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت میں اضافے سے متوقع عوامی مسائل پر تفصیلی گفت و شنید کی۔
اس موقع پر تنظیموں کے ذمہ داران نے یکم جنوری سے اسلامی تحریک پاکستان کے زیر اہتمام گندم کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ مرزا علی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے گندم کی قیمت میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے مگر صوبائی حکومت وفاق کی خوشنودی کے لیے غریب عوام کا معاشی استحصال کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت میں اضافہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ ایسے فیصلوں کو عوامی طاقت سے روکیں گے۔
اسلامی تحریک پاکستان صوبائی حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ یکم جنوری سے قبل گندم کی قیمت میں اضافے کے نوٹیفکیشن کو واپس لے بصورت دیگر عوامی طاقت کے ذریعے حکومت کو عوام دشمن ٹوٹیفکیشن کو واپس لینے پر مجبور کریں گے۔ اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا یکم جنوری کو ضلع نگر میں شاہراہ قراقرم پر گندم کی قیمت میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج اور دھرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ شیخ مرزا علی اور رکن اسمبلی گلگت بلتستان ایوب وزیری نگر اور ہوپر میں مختلف سیاسی سماجی مذہبی اور عوامی تنظیموں سےاتوار کے روز ملاقات کرکے گندم کی قیمت میں اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں  آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل اسلامی تحریک پاکستان نے گلگت بلتستان حکومت کو گندم کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کے لیے یکم جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ مقررہ تاریخ تک گندم کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کو واپس نہ لینے کی صورت میں شدید احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button