قطر نے’’ کفیل‘‘ کا نظام ختم کرنے کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قطر نے غیر ملکی مزدوروں کے قوانین میں تبدیلی لاتے ہوئے تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کے لیے کفیل یا کمپنی کی اجازت کی ضرورت کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق قطر نے غیرملکی محنت کشوں کیلئے کفیل سسٹم ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیر محنت یوسف محمدالعثمان فخرو نے غیرملکی محنت کشوں کیلئے کفیل سسٹم ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کفیل سسٹم غلامی کے مترادف ہے اورجدید دنیا میں اس کی گنجائش نہیں۔
یوسف محمد العثمان فخرو نے مزید کہا کہ 2022 تک کم سے کم اجرت کا نظام بھی وضع کیا جائے گا۔
قطری وزیراعظم عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ ’’پالیسیوں اور قانون میں اصلاح مزدوروں کے فلاحی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے، قطر مزدوروں کے بنیادی حقوق فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے‘‘۔
واضح رہے کہ کفیل سسٹم میں غیرملکی محنت کش اجازت کے بغیرنہ تو کام چھوڑسکتاتھا نہ ہی ملک، جبکہ محنت کش کو اپنی اجرت کا ایک بڑا حصہ بھی کفیل کو دینا پڑتا تھا۔
علاوہ ازیں خاص طور پر سعودی عرب میں کفیل کے کئے گئے تشدد اور ظلم و ستم کے متعدد قصے اخبارات کی زینت بنتے رہے ہیں۔
انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور غیر ملکی مزدوروں کی جانب سے قطر حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔