الحدیدہ اور صنعاء پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ اور صنعاء پر حملے کئے۔
انصاراللہ کی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق یمن میں مصروف جنگ جارح سعودی اتحاد نے صوبے الحدیدہ میں اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن کو دوبارہ بحال کرنے کے خیال سے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اس صوبے کے مختلف علاقوں اور اسی طرح دارالحکومت صنعاء کے بین الاقوامی ایر پورٹ کے قریب حملے کئے۔
یمنی کمانڈروں کی آپریشنل کمان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے الحدیدہ کے مختلف رہائشی و غیر رہائشی علاقوں پر تابڑ توڑ حملے کئے۔
الحدیدہ صوبے بالخصوص شہر اور اسکی بندرگاہ کو اقتصادی نقطہ نظر سے خاص اسٹریٹیجک اہمیت حاصل ہے اور وہاں پر جنگ بندی کے قیام کے لئے اب تک بین الاقوامی سطح پر بارہا کوشش کی جا چکی ہے تاہم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکہ نے ان کوششوں کا پاس و لحاظ رکھے بغیر روزانہ کی بنیادوں پر دسمبر ۲۰۱۸ میں سویڈن کے اسٹاکہوم شہر میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ معاہدہ جارح سعودی اتحاد اور یمنی فریق کے مابین اقوام متحدہ کی نگرانی میں طے پایا تھا۔
سعودی اتحاد اپنی گزشتہ تقریباً سات سالہ جارحیت کے دوران لاکھوں یمنی عوام کو خاک و خون میں غلطاں کرنے کے ساتھ ساتھ اس ملک کی ۸۵ فیصد سے زائد بنیادی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر چکا ہے۔