
سیکیورٹی فورسز کی بڑی کاروائی، 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 4 کمانڈروں سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ ٹھکانوں پر دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 4 کمانڈروں سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے، وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔
یہ خبر بھی پڑھیں کیا عمران خان حکومت نے کشمیر پر سودے بازی کی؟ سینیئر صحافی اعزاز سید کا اہم انکشاف
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد آئی ای ڈیز (امپروائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز) کی تنصیب، کارروائیاں کرنے اور معصوم شہریوں کو ہدف بنا کر قتل کرنے میں متحرک تھے۔ کارروائی کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ دہشت گرد ضلع جنوبی وزیرستان کے اندر مزید دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
بیان میں بتایا گیا کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشت گروں کی جانب سے فائرنگ کا ایک اور واقعہ بلوچستان میں پیش آیا، جہاں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے چوکاب میں پاک ایران سرحد کی دوسری جانب سے چھوٹے پیمانے کے اسلحے سے ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار مقبول شاہ شہید ہوگئے جبکہ دوسرا اہلکار زخمی ہوگیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی حکام کو مذکورہ واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔