اہم پاکستانی خبریں

پاکستان کا بھارتی اقدامات کے خلاف سلامتی کونسل جانے کا فیصلہ

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے کہ اب سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چلے گی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدامات کے خلاف سلامتی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 28 ممالک کو کشمیر کے حوالے سے تشویش اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کا اصرار ہے آرٹیکل 370 کا خاتمہ ان کا اندرونی معاملہ ہے اور یہ اس لیے ختم کیا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی فلاح و بہبود کی جاسکے تو پاکستان کو اس پر اعتراض کیوں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا یہ تاثر درست نہیں ہے اور پاکستان اس موقف کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم کردہ متنازع علاقہ ہے، اس پر سلامتی کونسل کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں جنہیں بنیاد بنا کر ہم نے دوبارہ سلامتی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت تاثر دے رہا ہے کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ ان کا اندرونی معاملہ ہے جو کہ تاریخی، قانونی اور اخلاقی طور پر درست نہیں ہے اور پاکستان اسے مسترد کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا کہنا ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے تو میں بھارتی ہم منصب جے شنکر سے پوچھنا چاہتا ہوں کیا 70 سال پہلے اور جب سے یہ آرٹیکل 370 ان کے آئین میں شامل کی گئی تھی کیا اس وقت فلاح و بہبود کے کاموں میں قدغن تھی، کوئی پابندی یا ممانعت تھی جو اس ممانعت کو ختم کرنے کے لیے آئین میں یہ ترمیم کرنی پڑی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیا بھارت نے ایک کروڑ 40 لاکھ کشمیریوں کو حراست میں لے کر پورے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل کی شکل دے کر سماجی و اقتصادی بہبود کا یہ پہلا قدم اٹھایا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کا خدشہ ہے اس وقت یہ صورتحال ہے کہ 9 لاکھ بھارتی فوجی کشمیر میں تعینات ہیں یعنی ہر گھر کے باہر ایک سپاہی موجود ہے کیا یہ بھی اس فلاح و بہبود کا حصہ ہے؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کہتا ہے کہ یہ اندرونی معاملہ ہے لیکن بھارت کے سابق وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے بھی کہا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ اس کےعوام کی خواہش کے مطابق ہوگا۔
یورپی یونین مذاکرات میں کردار ادا کرنا چاہے تو پاکستان تیار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے اس مسئلے پر بات چیت ہوئی انہوں نے کہا کہ ہمیں تشویش ہے اور چاہتے ہیں کہ کشمیر میں کشیدگی میں نہ بڑھے جس پر میں نے کہا آپ دیکھیں یہ کشیدگی کس وجہ سے بڑھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیڈریکا موگرینی نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی خواہش ہے یہ مسئلہ مذاکرات اور سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے کب مذاکرات سے انکار کیا ہے، ڈائیلاگ سے کون کترا رہا ہے پاکستان یا بھارت، جب بھی ڈیڈلاک آیا ہے ہم نے اسے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کوئی کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو پاکستان کی طرف سے اجازت ہے، بھارت سے پوچھ لیں کیا وہ تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب صدر ٹرمپ نے ثالثی کی پیشکش کی تھی تو پاکستان نے اس کا خیر مقدم کیا تھا مسترد کس نے کیا یہ چیز قابلِ غور ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک افواہ اڑائی گئی بھارت کا فیصلہ امریکا کی مشاورت سے ہوا اور اس کے علم تھا، جب وزیراعظم پاکستان، ٹرمپ سے ملے اور ثالثی کی پیشکش کی تو وہ اس سب سے آگاہ تھے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے امریکا سے اس معاملے کو اٹھایا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے اور کچھ اپوزیشن اراکین نے غلط فہمی سے اسے بڑھانے کی کوشش کی تو ہمیں وضاحت چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایلس ویلز کا واضح بیان آچکا ہے کہ نہ امریکا کے علم میں تھا اور نہ ہی بھارت نے ہم سے کوئی مشاورت کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی سینیٹ کے سینئر ترین رکن لِنڈ سے گراہم نے اپنی ٹوئٹ میں اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ فضائی حدود کی بندش سے متعلق نشر کی جانے والی خبریں جھوٹی ہیں، پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود بند نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہیں، ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں پاکستان نے ازخود یہ اقدام اٹھایا تھا اور وہ طبقہ جو بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن پر آنا چاہتا ہے انہیں اپنی حکومت سے وضاحت طلب کرنی چاہیے کہ وہ ان کے کیا ارادے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان آج بھی ان کے استقبال کے لیے تیار ہے کیونکہ ہم اپنے عزم پر قائم ہیں بھارت سے پوچھیں کہ کیا انہوں نے عوام کے دباؤ میں اور سکھ برادری کی رائے پر کرتارپور راہداری کا فیصلہ کیا تھا یا ان کی دلی خواہش تھی۔

وزیر خارجہ نے کہا کرتارپور راہداری اگر بھارت کی دلی خواہش تھی تو کیا وہ اسے جاری رکھنے یا اس پر نظرثانی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت کرفیو کا سماں ہے آخر کب تک ایک کروڑ 40 لاکھ کشمیریوں کو قید میں رکھیں گے بالآخر کرفیو ہٹاناہوگا جب کرفیو اٹھے گا اور وہاں اگر احتجاج کی کیفیت بنتی ہے تو کیا بھارت 9 لاکھ فوجیوں کے ذریعے انہیں کچلیں گے؟ کیا خون کی ہولی کھیلیں گے؟ کیا کالے قوانین لاگو کریں گے؟ تو کیا ان کا ردعمل نہیں آسکتا؟

انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری کو بروقت اطلاع کرنا چاہتا ہوں ہمیں ڈر ہے بھارت کوئی نیا آپریشن کرسکتا ہے، پلوامہ 2 جیسا نیا ڈرامہ رچایا جاسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عین ممکن ہے وہاں جاری جبر و تشدد سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی ڈرامہ رچاسکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے کہ اب سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چلے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button