شاہ سلمان کے بھائی نے سعودی حکومت کو آئینہ دکھادیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران سے مخاصمت کے نتائج پر سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیزکے بھائی احمد بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف سعودی عرب کی کسی بھی قسم کی جنگ کے خلاف ہیں، کیونکہ ایسی کوئی بھی جنگ سعودی عرب کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی بادشاہ کے بھائی احمد بن عبدالعزیز نے ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کی جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان امریکی-برطانوی اتحاد کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف جنگ چھیڑنا چاہیں گے تو میں کھل کر ان کی مخالفت کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تیار کردہ پالیسی پر عمل کرنے کے بجائے، جو خطے کو جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں، بہتر ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل (Gulf Cooperation Council) کو متحد کرنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے جائیں۔
ذرائع کے مطابق سعودی بادشاہ ملک سلمان نے بھی اپنے بیٹے محمد بن سلمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے چچا احمد بن عبدالعزیز کی مخالفت نہ کریں اور دوسرے سعودی شہزادوں کے بھی احمد بن عبدالعزیز سے ملنے جلنے پر پابندی عائد نہ کرے جبکہ احمد بن عبدالعزیز نے دوسرے سعودی شہزادوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے تباہ کن نتائج کے بارے میں خبردار کرنے سے انہیں کوئی روک نہیں سکتا اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب سعودی عرب یمن کی دلدل میں بری طرح پھنس چکا ہے۔
واضح رہے کہ احمد بن عبدالعزیز کا نظریہ ہے کہ موجودہ سعودی بادشاہ ملک سلمان کے مرنے کے بعد محمد بن سلمان ہی سعودی عرب کا بادشاہ بنے گا۔