2 اپریل کو شروع ہونے والا دھرنا لاپتہ عزاداروں کی بازیابی تک جاری رہے گا، شیعہ تنظیموں کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز نے خراسان روڈ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 2 اپریل کو شروع ہونے والا دھرنا لاپتہ عزاداروں کی بازیابی تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق شیعہ لاپتہ عزاداروں کی بازیابی کیلیئے کام کرنے والے ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی جانب سے خراسان روڈ پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں 2 اپریل کو لاپتہ عزاداروں کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھرنا لاپتہ عزاداروں کی بازیابی تک جاری رہے گا۔
پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، ھیئت ائمہ مساجد وعلمائے امامیہ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ شامل تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کے2اپریل دھرنے کی حمایت کرتے ہیں
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ہم تقریبا 2 سال سے مختلف ریاستی اداروں کے رابطے میں ہیں مگر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔اب ہم2 اپریل سے ملک گیر احتجاج پر جارہے ہیں اور ہمارے ساتھ تمام ملکی سیاسی و مذہبی جماعتیں موجود ہونگی۔احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مسنگ پرسنز بازیاب نہیں ہوجاتے۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ شیعہ جبری گمشدہ افراد اس ملک کے شہری ہیں ۔ ریاست ملک دشمن دہشتگرد عناصر کومعافی دیتی ہے اور انہیں گلے لگاتی ہے لیکن محب وطن شیعہ عزادار لاپتہ ہیں۔شیعہ مسنگ پرسنز کو کیوں ریلیف نہیں دیا جاتا ۔
علامہ حیدر عباس عابدی نے کہا کہ پوری دنیا میں شیعہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے ہمارے ملک کی بدنامی ہورہی ہے تاہم ادارے اس بات کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔ اگر ان لاپتہ عزاداروں نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے اور اگر وہ بے گناہ ہیں تو انہیں بازیاب کیا جائے۔