شیعہ جماعتوں نے اشرف جلالی کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)لاہور کی ممتاز دینی درسگاہ جامعۃ المنتظر میں اتحاد امت فورم کے زیراہتمام آل شیعہ پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت جامعۃ المنتظر کے پرنسپل علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کی۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان، شیعہ علماء کونسل، امامیہ آرگنائزیشن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی، تحریک تحفظِ حقوق جعفریہ پاکستان، عالمی امن اتحاد کونسل، تحریک تحفظ تشیع پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، تحریک بیداری امت مصطفیٰ، جامعۃ المصطفیٰ، تحریک حسینیہ پاکستان اور جامعہ قرآن و اہلبیت کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں علامہ امتیاز کاظمی نے نصیریوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اس کے سدبات کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ اجلاس میں تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ مولوی اشرف آصف جلالی کے دختر رسول، حضرت بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے حوالے سے ریمارکس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں طے ہوا کہ تحفظ ناموس اہلبیت علیہم السلام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، کیونکہ وہ عظیم ہستیاں جن کی قربانیوں کی وجہ سے آج اسلام زندہ ہے، ان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے ناصبی اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ شیعہ رہنماوں کا کہنا تھا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام شیعہ سنی عاشقان رسول اسلام دشمن یزیدی قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں۔
اجلاس میں خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی توہین کرنے والے آصف اشرف جلالی کی بھرپور مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے عناصر کیخلاف دفعہ 295 سی کے تحت فوری قانونی کارروائی کی جائے اور ایسے بدزبان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، کیونکہ کہ یہ فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے کی گھناؤنی سازش ہے، اس کا فوری سدباب کیا جائے۔ رہنماوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ اشرف جلالی نے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے، توہین سیدہ اور توہین رسالت کا مرتکب ہوا ہے، اس لئے اس کیخلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرکے اسے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ شرکاء نے کہا کہ فرقہ واریت ملک کیلئے زہر قاتل ہے، سکیورٹی فورسز سے فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، ملک میں فرقہ واریت پر خاموشی پیغام پاکستان کی نفی ہے، اس لئے ذمہ دار اداروں کو اشرف جلالی کیخلاف فوری نوٹس لینا چاہیئے۔