کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں کالعدم دہشتگرد گروہ سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی سمیت کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو خصوصی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے اور جہاں ضروری ہو فوری کارروائی کی جائے۔
یہ خبر بھی پڑھیں سعودی تیل پر حملہ، سپاہ صحابہ کے 37 جنگجو سعودی عرب جانے کیلیے تیار
محکمہ داخلہ نے ایڈمنسٹریٹرز کو کالعدم تنظیموں کی قبضے میں لی گئی ڈسپنسریز، ہسپتال، سکول اور مدارس کی بھی چیکنگ کا حکم دیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ دیکھا جائے کہ تحویل میں لئے گئے تعلیمی اداروں میں طلباء کا تعلیمی حرج تو نہیں ہو رہا اور ملازمین کو بروقت تنخواہیں مل رہی ہیں۔
محکمہ داخلہ نے ایڈمنسٹریٹرز کو ان اداروں کے خصوصی دورے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کالعدم تنظیموں نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کر دیا ہے جس پر محکمہ داخلہ نے انتظامیہ کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔