پاک چین عسکری قیادت کا دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
شیعہ نیوز:پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کے وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں 9 سے 12 جون تک عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کیا، وفد نے چینی فوج اور دیگر سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام سے پر بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایپکس میٹنگ کا انعقاد آج ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے کی۔
دونوں اطراف نے بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر اپنے اپنے نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ پاکستان اور چین نے مشکل وقت میں اپنی تزویراتی شراکت داری کا اعادہ کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر نقطہ نظر کا باقاعدہ تبادلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ دونوں فریقوں نے تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ پہاڑوں سے اونچی، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی، ملٹری ڈپلومیسی اور ملٹری ٹو ملٹری تعاون ہمیشہ بلندیوں کو چھوتا رہا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید واحد فوجی رہنما ہیں جنہوں نے چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے صرف ایک دن کا دورہ کیا، یہ دورہ پاک چین جوائنٹ ملٹری کوآپریشن کمیٹی کا حصہ ہے جس کی ایک اعلیٰ کمیٹی فوجی ہے۔