اہم پاکستانی خبریں

ایسی قومیں زندہ نہیں رہ سکتیں جن کا کوئی نظریہ نہ ہو، محمد حسین محنتی

شیعہ نیوز:جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ایسی نسل تیار کی جائے، جو دین کو اپنا مقصد زندگی بنائے اور تعلیم سے فارغ ہوکر دین کیلئے جدوجہد کرنے والی بنے، ہمارا اسکول صرف اچھا اسکول نہیں بلکہ اسلامی بھی ہو، جن میں اسلام کے اعلیٰ اخلاق کی تعلیم بھی دی جاتی ہو، بچوں میں دینی تشخص پیدا کرنا وقت ضرورت بھی ہے اور لازمی بھی، جس کا آج فقدان ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم کی ایڈوائزری بورڈ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر سے ذمہ داران نے شرکت کی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ تعلیم کے میدان میں بھی اور تربیت کے میدان میں بھی بہترین افراد تیار کریں اور انکی ذہن سازی کی جائے، ایسی قومیں زندہ نہیں رہ سکتی، جن کا کوئی نظریہ نہ ہو۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہمیں ایسی نسل تیار کرنی ہے، جو دینی لحاظ سے اخلاق کے اعلیٰ معیار پر ہو اور اقامت دین سے واقف ہو، کیونکہ آئندہ اسی نسل نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، ان مقاصد کیلئے اساتذہ کی تربیت کا جامع پروگرام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف ہونا چاہئے کہ ہر بچہ دینی جذبے سے سرشار ہو، اسلامی انقلاب کیلئے اپنے آپ کو تیار پاتا ہو، اسکولز ایسی نسل تیار کریں، جو اپنے دین اور نظریے سے مخلص ہو۔ اجلاس سے ڈائریکٹر شعبہ تعلیم محمد عظیم صدیقی اوردیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایڈوائزری بورڈ کے ممبران ارشد احمد بیگ، محمد آصف صدیقی، مبشر فاروق،محمد پرویز، محمد غوث، ڈاکٹر خالد، سعید احمد صدیقی، طاہر جمالی اور دیگر بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button