شامی ایئر ڈیفنس سسٹم نے اسرائیلی میزائلوں کو فضاء میں ہی تباہ کردیا
شیعہ نیوز: شام کے ایئر ڈیفنس نظام نے اسرائیلی میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔
اسرائیل کی خودساختہ حکومت نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں منگل کی رات کو میزائل داغا جس کے جواب میں شام کی فضائیہ نے کارروائی کی ہے۔
مقامی ٹی وی چینل نے بتایا کہ شام کے ایئر ڈیفنس نظام نے کچھ میزائلوں کو ان کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔
ٹی وی چینل نے مزید تفصیلات نہیں دیں نہ ہی یہ بتایا کہ دمشق کے کون سے مضافاتی علاقے حملے کی زد میں آئے۔
یہ 28 فروری کے بعد، پہلا حملہ ہے جس میں صیہونی فوج کی جانب سے میزائل سے شام کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
گذشتہ چند برسوں میں اسرائیل کی خود ساختہ ریاست نے شام میں فوجی اہداف پر سینکڑوں حملے کیے ہیں۔
دفاعی امور کے ماہرین قدس کی غاصب حکومت کی جانب سے ان حملوں کو شام میں سرگرم دہشت گرد عناصر خصوصا داعش کی باقیات کی حمایت میں اٹھایا جانے والا قدم تصور کرتے ہیں کہ جنہیں امریکہ اور اس کے عرب اتحادیوں نے صیہونی ریاست کے تحفظ کے لئے شام پر مسلط کیا ہے۔