سپریم کورٹ کے اگلے چیف جسٹس منصور علی شاہ ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری
شیعہ نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے اگلے چیف جسٹس منصور علی شاہ ہوں گے، سپریم کورٹ کے معزز ججز کو متنازع بنانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’موجودہ چیف جسٹس اور آنے والے چیف جسٹس دونوں معزز ہیں، سپریم کورٹ کے معزز ججز کو متنازع بنانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تجویز ہے کہ چیف جسٹس کی تعیناتی کا پروسیجر دوبارہ وزیراعظم کے پاس آئے، چاہتے ہیں ایسی آئینی ترمیم نہ ہو جس پر کوئی کل اعتراض اٹھائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ تجویز تھی کہ ملٹری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو، تاہم پیپلزپارٹی کا شروع سے مؤقف رہا کہ ملٹری کورٹس کے حق میں نہیں، اگر حکومت ملٹری کورٹس کا ہونا اہم سمجھتی ہے تو اتفاق رائے پیدا کرے اور ترمیمی ڈرافٹ لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق 9 مئی کے ثبوت ہیں تو حکومت سامنے لائے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ملٹری کورٹس میں پیشی سے متعلق آئینی ترمیم کے بغیر آگے نہیں جاسکتے۔