فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم نے استعفیٰ دیدیا
شیعہ نیوز: فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم "محمد آشتیہ” نے اعلان کیا کہ انہوں نے گزشتہ منگل کو اپنا استعفیٰ اتھارٹی کے سربراہ "محمود عباس” کو دے دیا تھا اور آج میں تحریری صورت میں یہ استعفیٰ دے رہا ہوں۔ استعفیٰ دینے کے بعد محمد آشتیه نے اس بات پر زور دیا کہ کئی سالوں سے مسلط شدہ محاصرے کے باوجود شہداء، اسیروں، غزہ کی پٹی کے افراد، فلسطین کے قومی منصوبے، بیت المقدس اور اپنے مقدسات سے وفاداری نبھاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسی بھی آزمائشوں کا مقابلہ کیا جو ہماری نہیں تھیں۔ ہم نے ایسی بہت ساری مشکلات کا سامنا کیا کیونکہ فلسطینی قوم اس ابتلاء کو سہنے کے قابل تھی۔ واضح رہے کہ آج صبح میڈیا نے محمد آشتیہ کی سربراہی میں فلسطینی اتھارٹی کی حکومت کے مستعفی ہونے کی خبر دی۔
جس کے بعد فلسطینی اتھارٹی نگران سیٹ اپ کے ساتھ اپنی ذمے داریاں جاری رکھے گی۔ یہ خبریں ایسے وقت میں آ رہی ہیں جب قبل ازیں حماس کے ایک رہنماء نے العربیہ چینل کو بتایا کہ اس تحریک کو فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی جانب سے خود مختار حکومت میں آنے والی تبدیلیوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس، فلسطین میں تمام پارٹیوں کی موجودگی میں ایک جامع قومی حکومت کی تشکیل کی خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد میں آنے والی حکومت عبوری اور اپنی ذمے داریوں سے آشناء ہونی چاہئے۔ اس رہنماء نے کہا کہ ہمارا وفد ماسکو میں ایک معین مدت اور ہدف کے ساتھ ایک قومی حکومت کے قیام کے لئے گفتگو کرے گا۔