شہید سلیمانی کی جدوجہد کا مقصد اسلامی معاشروں میں اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرنا تھا، صدر ایران
شیعہ نیوز: صدر ایران نے شہید قاسم سلیمانی کو ملت ایران کے لیے ایک مستقل نمونہ عمل قرار دیا اور کہا کہ آج شہید سلیمانی کا راستہ جاری رکھنا ملک کے اندر ہم آہنگی اور دنیا کے لیے نمونے عمل ہے۔
صدر ایران مسعود پزشکیان نے جمعرات کی شام شہید حاج قاسم سلیمانی کی پانچویں برسی کی تقریب میں، جو تہران میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور فوجی و ملکی شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوئی، اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اتحاد کے ساتھ دشمن کے شوم منصوبوں کو ناکام بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج شہید سلیمانی کا راستہ جاری رکھنا ملک کے اندر ہم آہنگی اور دنیا کے لیے نمونے عمل ہے۔
پزشکیان نے کہا کہ دشمن ظالم ہے اور مظلوم کا حامی ہونا وہ چیز ہے جو شہید سلیمانی نے اپنی زندگی اور خون سے دنیا کو دکھائی؛ انہوں نے اپنی پوری زندگی لوگوں کی خدمت میں گزاری اور آخر میں اپنے خون سے ایسا کام کیا کہ دنیا میں ظالموں کو رسوا کر دیا۔
صدر نے شہید سلیمانی کی توصیف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مظلوموں کے دفاع کے لیے ملک کے ہر کونے اور بیرون ملک، عراق، شام، لبنان، افغانستان اور جہاں بھی ضرورت ہوتی، حاضر رہتے اور اس بات سے قطع نظر کہ وہ کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، مظلوم کی دفاع میں دن رات کوشاں رہتے۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ شہید سلیمانی کی تمام کوششیں اسلامی معاشروں میں اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج دشمن کا منصوبہ مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کرنا ہے؛ جب مسلمان ایک دوسرے سے لڑتے ہیں تو دشمن ان اختلافات کا فائدہ اٹھاتا ہے۔
پزشکیان نے کہا کہ جنرل سلیمانی نے خود پسندی اور جھوٹی تعریفوں کو اپنے اندر سے ختم کر دیا تھا اور اسی وجہ سے وہ دنیا کے تمام آزاد انسانوں کے دلوں میں بے ساختہ داخل ہو گئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزاد انسان کبھی نہیں مرتے، اور کہا کہ شہید سلیمانی کی شہادت کے پانچ سال بعد، ان کے راستے کو جاری رکھنے کے لیے ملک اور علاقے میں جو جوش و خروش موجود ہے، وہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔