اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

تفتان انتظامیہ کا زائرین سے مجرموں جیسا سلوک ناقابل برداشت ہے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےکہا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے میں زائرین کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگہی مہم میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناگہانی آفات یا کسی بھی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے زندہ قومیں بہترین لائحہ عمل طے کرتی ہیں۔خوف و ہراس کی فضا پیدا کرکے عوام کو نفسیاتی عوارض کا شکار کرنا دانشمندانہ عمل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہے۔تاہم وطن عزیز میں جس خوفناک انداز سے کرونا کی تشہیر کی جا رہی ہے یہ نہ صرف پاکستان کے عوام کی تشویش میں غیر معمولی اضافے کا باعث بن رہی ہے بلکہ دیگر ممالک کو بھی پاکستان سے دور کر دے گی۔

انہوں نے کہا کورونا کے پھیلاؤ کی رپورٹس کے بعد نہ صرف طبی اشیاءکی مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے بلکہ روزمرہ ضرورت کی عام اشیاءکی عدم دستیابی کی شکایات بھی سننے میں آرہی ہیں۔ حکومت کی چاہیے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات پر بھی اپنی گرفت ڈھیلی نہ ہونے دے۔ اشیاء خورد ونوش کا خود ساختہ بحران حکومت کی بقا کو سنگین خطرات لاحق کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے تفتان پہنچنے والے زائرین کے حوالے سے حکومتی اقدامات غیراطمینان بخش ہیں۔ تفتان انتظامیہ کا زائرین کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک ناقابل برداشت ہے۔قرنطینہ کے باوجود زائرین کو تفتان میںزبردستی روکا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کا تعلق کسی مذہب یا مسلک سے نہیں۔میڈیا پر کورونا وائرس کو شیعہ زائرین کے ساتھ جوڑ کر یہ تاثر دیا جانا کہ جیسے اس کے پھیلاؤ کا سبب زائرین ہیں ایک نامناسب عمل ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے۔پاکستان میں یہ وائرس مختلف ممالک سے آنے والے افراد کے ذریعے آیاہے اور حکومت کے غیر معیاری انتظامات نے اسے پھیلنے کے لیے مواقع فراہم کیے ہیں۔میڈیا پر ایسی خبروں پر پابندی ہونی چاہیے جس کا مقصد عصبیت کا فروغ ہو۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پوری قوم کا مسئلہ ہے جس کا پوری قوم نے تدبر و بصیرت کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button