سائفر کیس کا فیصلہ پوری قوم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کا فیصلہ پوری قوم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب فیصلے عدل و انصاف کی بجائے پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہونے لگیں تو معاشرے میں آئین اور قانون اپنی حیثیت کھو بیٹھتے ہیں اور لاقانونیت راج کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سائفر کیس: بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 10 سال قید کی سزا
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ عوام کو عدالت کے کسی بھی فیصلے پر مشتعل ہونے کی بجائے ہوشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دانش و بصیرت کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ہوگا۔ اپنی توجہ 8 فروری کے انتخابات پر مرکوز رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے عالمی اسٹیبلشمنٹ اور ان کے آلہ کاروں کو شکست دیں جو ملک کی داخلی خودمختاری اور آزاد خارجہ پالیسی کو اپنی خواہشات کے تابع رکھنا چاہتے ہیں۔
اس وقت ملک کے ہر باشعور شہری کا واحد ہدف انتخابات کے روز ووٹ کی بلاتاخیر کاسٹ اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیئے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ ہم اس ملک کے پُرامن شہری اور محافظ ہیں۔ ان لٹیروں اور وطن فروشوں سے ملک کو بچانے کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت کو استعمال کریں گے، انشاءاللہ