نوجوان نسل کو فلسطین پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا جائے، آستان قدس رضوی
شیعہ نیوز: آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام و المسلمین احمد مروی نے کہا ہے کہ ضرورت ہے کہ آج کے نوجوان نسل میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہو سکیں،یہ اہم ذمہ داری علمائے دین اور مبلغین اسلام پر ہے۔
آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق "غزہ؛حسینی اقتدار اور مظلومیت کی علامت” کے زیرعنوان کانفرنس کے چند شرکاء نے حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی سے حرم میں ملاقات کی، اس دوران حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جو افراد اپنی خاموشی سےیا انحرافی موضوعات کے ذریعہ عوام بالخصوص نوجوان نسل کے ذہنوں کو صہیونیوں، یورپیوں اور امریکیوں کے غزہ میں جرائم اور مظالم سے منحرف کرتے ہیں درحققیت یہ افراد بالواسطہ طور پر اسرائیل کی خدمت کر رہے ہیں، آج مسلمانوں اور عالم اسلام کا پہلا مسئلہ فلسطین ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کی مغربی ساحلوں کے نزدیک تجارتی سمندری کشتی پر حملہ
انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو اسرائیلی کی مذموم اور گھناؤنی حقیقت اور فلسطین پر ہونے والے ظلم و ستم سے آگاہ کیا جائے، وہی جملہ جو رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی طلباء کے لئے استعمال کیا اور کہا کہ ’’آپ تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں‘‘،ضرورت ہے کہ اپنی نوجوان نسل میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہو سکیں،یہ اہم ذمہ داری علمائے دین اور مبلغین اسلام پر ہے۔
حجت الاسلام مروی نے کہا کہ جو افراد غاصب صیہونی حکومت کے ظلم و ستم پر خاموش ہیں انہیں کل قیامت کے دن جواب دینا ہوگا۔
حجت الاسلام مروی نے کہا کہ فلسطین پر ہونے والے مظالم پر یورپی ممالک سمیت انسانی حقوق اور جانوروں کے حقوق کے نام نہاد دعویدار خاموش تماشائی ہیں، حتی زبانی یا بیانی طور پر بھی کوئی پوزیشن لینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کسی قانون اور اصول کی پابند نہیں ہے ،پناہ گزیں کیمپوں سے لے کر ہسپتالوں اور اسکولوں تک پر حملے کر رہی ہے، ہیٹلر نے بھی اتنا ظلم نہیں کیا تھا اور بہت افسوس ہو رہا ہے کہ اسلامی ممالک کے سربراہان بھی اس نسل کشی پر خاموش تماشائی ہیں۔
گفتگو کے آخر میں حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے حرم امام رضا علیہ السلام میں مشرف ہونے والے اہلسنت برادران کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس نورانی اور ملکوتی بارگاہ کی زیارت سے مشرف ہونے کے لئے حاضر ہوتا ہے چاہے وہ کسی بھی مسلک یا مذہب سےہو ہمارے لئے فقط وہ امام رضا(ع) کا زائر ہے اور ہماری ذمہ داری اور اعزاز ہے کہ ہم اسے بہترین خدمات فراہم کریں۔