فوج کے 3 افسروں اور ایک شہری کو جاسوسی کے الزام میں سزا سنادی گئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاک فوج کے 3 ریٹائرڈ فوجی افسروں اور اور ایک شہری کو جاسوسی کے الزام میں سزا سنادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالت نے ایک شہری ادریس خٹک اور 3 ریٹائرڈ فوجی افسروں کو جاسوسی کے الزام میں 10 سے 14 برس قید کی سزا سنائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چاروں افراد کیخلاف جاسوسی کے الزامات پر آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کارروائی کی گئی۔
شہری ادریس خٹک کو 14 برس، لیفٹیننٹ کرنل (ر) فیض رسول کو 14 برس، لیفٹیننٹ کرنل (ر) اکمل کو 10 برس اور میجر (ر) سیف اللہ بابر کو 12 برس قید سخت کی سزا سنائی گئی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں وردی والوں نے علامہ فضل عباس قمی کو اغواءکرکے لاپتہ کردیا، ویڈیو دیکھیں
ادریس خٹک جو سماجی کارکن ہونے کا دعویدار ہے، کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی جہلم میں کی گئی، جبکہ سابق فوجی افسروں کیخلاف مقدمہ راولپنڈی میں چلایا گیا۔ ادریس خٹک پر بڑا الزام پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کیلئے گراؤنڈ انٹیلی جنس فراہم کرنا ہے۔
ادریس خٹک کے بھائی اویس خٹک نے بتایا کہ انہیں جمعہ کو فون کال کرکے بتایا گیا کہ انکے بھائی کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا کسی سویلین کیخلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جا سکتا ہے، معلوم ہوا کہ مخصوص حالات میں سویلین کیخلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی ہو سکتی ہے۔ قبل ازیں فروری میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ادریس خٹک کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کیخلاف درخواست مسترد کر دی تھی۔