وفاقی وزیر مذہبی امور کی عراقی مجتہد کے نمائندے سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے پاکستان میں متعین نامور عراقی مرجع تقلید شیخ محمد الیعقوبی کے نمائندہ شیخ ہادی حسین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے خصوصی چیمبر ملاقات کرتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں محمد الیعقوبی کی جانب سے ہونے والی سماجی اور مذہبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات کے موقع پر نمائندہ خصوصی شیخ ہادی حسین نے محمد الیعقوبی کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ زلزلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے تعزیت پیش کی اور اس مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم دہرایا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی تاریخی تقریر پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے مابین اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور وزیراعظم پاکستان کی کامیابی کے لیے خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے حکومتی اور عوامی مفاد کے لیے، پاک عراق تعلقات کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں نمائندہ خصوصی نے وفاقی وزیر سے خواہش کی کہ وہ چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے معاملات کو مزید آسان بنانے کے لیے ذاتی طور پر کاوشیں کریں۔