وزیراعظم مہاتیر محمد کا کشمیر سے متعلق بیان واپس لینے سے انکار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں قابض بھارتی فوجیوں کے کشمیریوں پر مظالم اور قبضے سے متعلق بیان کو واپس لینے کے دباؤ کو مسترد کردیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے ریمارکس کو واپس لینے کے مطالبے پر کہا ہے کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں اور حال ہی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں بھی وہی بات دوہرائی تھی اور جہاں جہاں موقع ملا، کشمیریوں کی آواز بنوں گا۔
واضح رہے کہ مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو کشمیریوں پر حملہ اور ناجائز قبضہ قرار دیتے ہوئے دنیا کے سامنے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا تھا اور اقوام متحدہ سے اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا تھا۔
وزیراعظم مہاتیر محمد کے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر اُٹھانے پر مودی سرکار بلبلا اُٹھی اور وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملائیشیا سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جس پر ملائیشیا کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں۔