قابض اسرائیل کیخلاف مقاومت کا درس ہمیں کربلاء سے ملتا ہے، علامہ علی حسنین
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بننے اور قابض اسرائیل کے خلاف مقاومت کا درس ہمیں کربلاء سے ملتا ہے۔ نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام نے یزید کے خلاف قیام کرکے انسانیت کو بتایا کہ حق اور اقدار پسند افراد کی تعداد کم ہونے کے باوجود فتح انہی کی ہوتی ہے، یزید اپنی طاقت اور فوج کے باوجود اپنے مذموم عزائم حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا، جبکہ امام حسین علیہ السلام رہتی دنیا کے لئے مقاومت کا پیغام بن گئے۔ دور حاضر میں فلسطین کے مظلوم مسلمان بھی کربلاء کے پیغام کی پیروری کر رہے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ قابض اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر بے تحاشا مظالم کئے اور جنگی جرائم سرانجام دیتے ہوئے ہسپتالوں، اسکولوں پر بھی بمباری کی۔ تاہم فلسطین کے مسلمان اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوئے اور ظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا، جو کہ شہدائے کربلا کا درس ہے۔ محرم الحرام کے دوران ہمارے دلوں میں فلسطینی مسلمانوں کے لئے احساسات و درد میں اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے دنیا کے مختلف جامعات کے طلباء کی جانب سے فلسطین کے حق میں مظاہرے دیکھے۔ امریکہ و برطانیہ جیسی ریاستوں میں بھی وہاں کے عوام فلسطین کے حق میں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی ہر موقع پر فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مگر مسلمان ممالک کے حکمران فلسطین کی آواز بننے سے گھبرا رہے ہیں۔ فلسطین میں جاری مظالم کو روکنے کے لئے اپنے حد تک اقدام اٹھانا دنیا کے ہر باضمیر انسان کی ذمہ داری ہے۔ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام نے پوری انسانیت کو ظالم کے خلاف قیام کا پیغام دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی نائب صدر نے کہا کہ ظالم جتنا بھی طاقتور ہو اسکی شکست یقینی ہے۔ قابض اسرائیل بھی اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ پوری دنیا میں لوگ اسرائیل کی اصلیت سے واقف ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں بھی اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔ حال ہی میں بائیکاٹ مہم کے بعد یہ بات واضح ہو گئی کہ فلسطینیوں کے لئے ہمارا چھوٹا اقدام بھی بڑی تبدیلی لا سکتا ہے۔