ہم انتخابات کا التوا کسی صورت قبول نہیں کرینگے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور حلقہ این اے 193 شکار پور سے امیدوار علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نسل در نسل سے اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو بھوک افلاس، بیروزگاری اور غربت کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ جاگیردار طبقے کی تجوریاں مال و دولت سے بھری پڑی ہیں۔ انہیں غربت کا کوٸی احساس نہیں ہیں۔ انتخابات چہروں کی تبدیلی کی بجاٸے نظام کی تبدیلی کے لئے ہونے چاہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار میں مجلس وحدت مسلمین جعفرآباد کے ضلع صدر سید اسرار حسین شاہ کی رہاٸشگاہ پر میڈیا نماٸندگان سے گفتگو کرتے ہوٸے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوباٸی صدر علامہ ظفر عباس شمسی، صوباٸی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن کو جاگیردار طبقے نے تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔ زرعی علاقہ ہونے کے باوجود بیروزگاری اور غربت سے ہزاروں لاکھوں نوجوان پریشان ہیں۔ انفرا اسٹرکچر تباہ، پانی کا بحران ہے۔ کارخانے نہ ہونے سے مزدور پریشان ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ ان جاگیرداروں کے بجاٸے اپنے طبقے سے نماٸندہ منتخب کریں، تاکہ عوام کی تقدیر بدل سکے۔ جاگیردار عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ انکا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔ ہم انتخابات کا التوا کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔