اہم پاکستانی خبریں

عمران خان سے اٹک جیل میں کون کون ملاقات کرے گا؟ فہرست تیار

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے اٹک جیل میں ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کر لی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کرنے والے 26 افراد کی فہرست تیار کی ہے جس میں گھر کے افراد اور پارٹی رہنماؤں کے علاوہ ان کے ڈاکٹر اور وکلا بھی شامل ہیں، ملاقاتیوں کی فہرست درخواست کے ساتھ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنیں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کے نام لسٹ میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، شبلی فراز، علی امین گنڈاپور کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ علی محمد خان، عمر ایوب اور رؤف حسن کا نام بھی ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی میں ہونے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی نے اسد عمر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ملاقات کے لیے ڈاکٹر فیصل سلطان کا نام دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وکلا میں نعیم پنجوتھا، علی اعجاز بُٹر، گوہر علی، خواجہ حارث، سلمان صفدر اور شیر افضل مروت کے نام عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 5 اگست کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سز اسنائی گئی تھی اور اسی روز عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور ٹرائل کورٹ کے جج کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button