
یمنی فوج کا سعودی فوجی کیمپ پر میزائل حملہ، 100 فوجی ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی فوج اورعوامی رضا کارفورس انصار اللہ کے مجاہدین نے یمن کے صوبہ مآرب میں سعودی عرب کے فوجی اتحاد کےکیمپ پر دو روز قبل میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے سعودی اتحادی فوجیوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہوگئی ہے۔
المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبہ مارب میں واقع سعودی فوجی کیمپ پر یمنی فورسز اور انصار اللہ کے مجاہدین نے میزائل حملہ کیا، میزائل حملے میں 100 سے زائد سعودی اتحاد کے فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حملے میں سعودی کرائے کے درجنوں فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس سے سعودی اتحاد کے فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔
واضح رہے کہ یمن کے وزیر دفاع جنرل محمد ناصر العاطفی نے سعودی اتحادیوں کو خبردار کیا تھا کہ یمنی فورسز امریکہ اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی دہشت گردوں کےحملوں کے خلاف جوابی کارروائی کریں گی۔
العاطفی کا کہنا تھا کہ یمنی فوج سعودی اتحادی افواج کے حملوں کا بھرپورجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ یمن پر 2014 میں سعودی عرب نے جنگ مسلط کی، سعودی عرب کو اس وحشیانہ جنگ میں دس ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے جس میں متحدہ عرب امارات ، بحرین ، مصر، سوڈان سمیت امریکہ اور اسرائیل بھی شامل ہیں۔
یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔