نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جعفر آباد کے گاؤں شاہی چوکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مقامی رہنما مولانا علی حسن ویسر، طیب خان جمالی و دیگر موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران مومنین کرام اور تنظیمی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تعلیم اور تربیت کسی بھی معاشرے کی اصلاح کا سبب ہے۔ انسانی پرواز کے لئے دو پر چاہیئں، جو علم و تقوی ہیں۔ جس طرح جاہل عالم کے برابر نہیں ہو سکتا، اسی طرح فاسق و بدکردار انسان متقین کے برابر نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ ہمیں معاشرے کی اصلاح کا آغاز اپنی ذات کی اصلاح سے کرنا چاہئے۔ جب تک ہم اپنی کردار سازی نہ کرلیں، معاشرے کی اصلاح بھی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے یونٹس کارکنوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ اسٹڈی سرکل اور ماہانہ درس اور دعا کا اہتمام کریں۔ عظیم فقیہ اسلام حضرت آیت اللہ سید باقر الصدر شہید کی کتاب آزمائش سے اسٹڈی سرکل کا اہتمام کریں۔