زائرین کیلئے عراقی ویزوں کا مسئلہ تشویشناک ہے، علامہ سبطین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے زائرین کو پیشگی منظوری کے بغیر عراقی ویزوں کے اجراء میں شدید مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں موجودعراق کا سفارتخانہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں 20 صفرالمظفر کو شرکت کرنے کیلئے جانے والے زائرین کو ویزے جاری نہیں کر رہا، جس کی وجہ سے عوام شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نےوزیراعظم، وزیرخارجہ اور وزیر مذہبی امور سے اپیل ہے کہ وہ زائرین کو ویزہ دلانے میں مدد کریں اور تمام سفارتی ذرائع استعمال کریں، گزشتہ سال کی نسبت اس بار زائرین کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے جبکہ ہر سال زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
لاہور کے عہدیداروں سے گفتگو میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ تفتان بارڈر کے ذریعے بائی روڈ عراق جانیوالے زائرین اس وقت کوئٹہ میں ہزاروں کی تعداد میں پہنچ چکے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق 20 ہزار افراد بائی روڈ ہر سال جاتے ہیں۔ جن میں سے 15 ہزار کے پاس تو ویزا کا امکان موجود ہے۔ باقیوں کو ابھی تک ویزا نہیں ملا، ہمارا مطالبہ ہے کہ عراقی حکومت پیشگی اجازت کی پالیسی ختم کرے اور حکومت پاکستان اس حوالے سے اپنے سفارتی ذرائع کو استعمال کرکے عوام کو اس پریشانی سے نجات دلائے۔