
ضمنی الیکشن کرا لیں، نتیجہ 0-9 آئے گا، عمران خان
شیعہ نیوز: ضمنی انتخابات کیوں ملتوی ہوئے؟ عمران خان نے ملتان جلسے میں بتا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات ملتوی کئے جانے پر کہا کہ ان کو خوف ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات ہو جاتے تو یہ ہار جاتے، میں نو حلقوں سے ضمنی الیکشن لڑ رہا ہوں، جس کا نتیجہ 0-9 آئیگا۔ عمران خان نے حکومت کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے دیکھ کر پریشان ہوگئے اور ضمنی الیکشن کا میچ چھوڑ کر بھاگ گئے۔ ملتان جلسے میں عمران خان نے انکشاف کیا کہ حکومت میں تھا تو مشورے دیئےجاتے تھے کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلو۔ اب کہا جا رہا ہے کہ اسمبلی میں چلے جاؤں اور معاملات حل کرو۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ ہر کسی سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں، مگر چوروں سے بات نہیں ہوسکتی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں انصاف کی جنگ ہو رہی ہے، جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے، قوم آزاد نہیں ہوگی، تھانوں میں ظلم ہوگا، زمینوں پر قبضے ہونگے، کمزور آدمی پس جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملتان جلسے میں کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود عوام کو بڑا ریلیف دیا، ہم ہیلتھ کارڈ لائے، احساس پروگرام کے ذریعے ہم نے غریبوں کی مدد کی، لوگوں کو گھر بنانے کیلئے سود کے بغیر قرضے دیئے، اب قوم نے وعدہ کرنا ہے کہ ہم نے ان چوروں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے اور آئندہ الیکشن میں ان چوروں کو ووٹ نہیں دینا۔