لشکر جھنگوی کی ٹارگٹ کلنگ کے شکار امجد صابری شہید کو ہم سے بچھڑے 3 برس بیت گئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں لشکر جھنگوی کی ٹارگٹ کلنگ کا شکارہونےوالے مشہور و معروف قوال امجد صابری شہید کو ہم سے بچھڑے تین برس بیت گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہید امجد صابری کو 22 جون 2016ء بمطابق 16 رمضان المبارک کو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے اس وقت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا، جب وہ اپنی رہائش گاہ لیاقت آباد سے نکل کر ایک نجی ٹی وی چینل میں رمضان نشریات میں حصہ لینے کیلئے جا رہے تھے۔ امجد صابری سفید رنگ کی سوک میں سوار تھے اور خود گاڑی چلا رہے تھے، وہ جیسے ہی اپنے والد کے نام سے منسوب لیاقت آباد انڈر پاس سے ملحقہ الاعظم اسکوائر کے سامنے سے گزر رہے تھے تو گھات لگائے موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے انہیں سرراہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیا۔
23 دسمبر 1976ء کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھ کھولنے والے امجد صابری کو قوالی کا ذوق و شوق ورثے میں ملا، قوالی کی ابتدائی تربیت والد غلام فرید صابری اور بڑے بھائی عظمت صابری سے لی، فنی تعلیم و تربیت کے بعد امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں اس انداز سے اپنی صلاحیتوں کو منوایا کہ جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ امجد صابری نے بھارت، نیپال، امریکا اور لندن سمیت 17 سے زائد ممالک میں قوالی پڑھی، اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر آئے، امجد صابری نے اپنے والد کے انتقال کے بعد ان کی مشہور قوالیوں ’’تاجدار حرم‘‘ اور ’’بھر دو جھولی میری‘‘ پڑھ کر شہرت حاصل کی۔