وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے 2 ستمبر کو ہر حال میں دھرنا ہوگا، علامہ حسن ہمدانی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) 2 ستمبر کو وزیراعلیٰ ہاوس کے سامنے ہر حال میں دھرنا ہوگا، پنجاب میں ہمارے کیخلاف انتقامی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں، ہماری جدوجہد مظلومین کے حقوق کیلئے ہے، ہمارے مطالبات کی حمایت تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کر چکی ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے لاہور ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ حسن ہمدانی کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت پنجاب کو ریاست آل شریف سمجھتی ہے، ہم پنجاب کے بادشاہوں کیخلاف مظلومین پنجاب کی آواز بن کر نکلیں گے، ہماری پرامن اور جمہوری جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنیوالے خود ذمہ دار ہونگے۔ علامہ حسن ہمدانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کو جیتنے کیلئے ہمیں ان تکفیری دہشتگردوں کے سہولت کار، ہمدرد اور سیاسی سرپرستوں پر ہاتھ ڈالنا ہوگا، پنجاب میں اب بھی کالعدم انتہا پسندوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، حکومت کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کرے۔
علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ کوئٹہ میں کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کی اخبارات میں آئے روز دھمکی آمیز اور نفرت سے بھری خبریں پڑھ کر لوگ حیران ہوتے ہیں، کیا یہ پاکستان کا حصہ نہیں؟ ان نفرت کے پجاریوں کیخلاف کارروائی کیلئے ہمیں مزید کتنے ہزار پاکستانیوں کا خون درکار ہوگا؟ ریاست مصلحت پسندی چھوڑ کر پاکستان کی سلامتی اور بقا کی جنگ کو لڑے قوم ساتھ دے گی۔ اجلاس میں سید حسین زیدی، سید زین زیدی، رانا ماجد علی، نجم الحسن، محمد رضا، نقی مہدی سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔