شہداء کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے، شیعہ علماء کونسل کراچی
شیعہ نیوز (کراچی) شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے تحت کراچی میں بڑھتی ہوئی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے بھوجانی ہال سولجر بازار تا نمائش چورنگی خواتین کی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں خواتین کثیر تعداد میں موجود تھیں۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی اور کراچی ڈویژن کے صدر علامہ جعفر سبحانی نے کہا کہ کراچی کو دہشت گردوں نے لہو لہان کر دیا ہے، آئے روز ہمارے ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، تاجر، سرمایہ دار سمیت زندگی کے ہر طبقے کے بیگناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اب تو صحافی بھی محفوظ نہیں ہیں۔ رہنماؤں نے شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور معروف صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حامد میر پر قاتلانہ حملے اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگرد عناصر اور انکے سربراہوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی اور ہمارے شہداء کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم عنقریب وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کے گھیراؤ کی کال دینگے۔