سیاسی پچ پر بار بار فکسڈ میچ کھیلنے والے سیاست باز عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، آئی ایس او
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر عدیل علوی نے لاہور میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز سیاستدان نان ایشوز پر اپنے کارکن لیکر روڈز کی زینت بنے ہوئے ہوتے ہیں جس سے عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ ایسے احتجاجات کا مقصد عوام کی توجہ کو کسی خاص ایشو سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست باز صرف اپنے پارٹی مفادات کی خاطر کارکنوں کا اجتماع کر کے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، یہ سلسلہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ ایوان میں بیٹھے سیاستدانوں کو چاہیے کہ دہشت گردی اور اسلام دشموں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں پاکستان اور اسلام کی خلاف جو سازشیں ہو رہی ہیں اس میں امریکہ اور اس کے اتحادی عناصر کار فرما ہیں۔
عدیل علوی نے کہا کہ سیاسی پچ پر فکسڈ میچ بار بار ری پلے کئے جا رہے ہیں جس سے عوام بالخصوص نوجوان نسل تنگ آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو اسلام اور پاکستان کے حقیقی دشمن امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سڑکو ں پر لائیں اور استعمار کو بتا دیں کہ ہم تماشبین نہیں، ہم بیدار اور دشمن شناس قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بالخصوص نوجوان طبقہ 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل ریلیوں میں شرکت کر کے امریکہ و اسرائیل سے نفرت کا اظہار کرینگے۔