شام میں صحابہ کرام کے مزارات کی بے حرمتی کیخلاف ملک بھر میں جمعیت علماء پاکستان کے مظاہرے
شیعہ نیوز (کراچی) جمعیت علماء پاکستان (نورانی ) کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی ہدایت پر شام میں صحابہ کرام کے مزارات کو شہید کرنے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں شام میں صحابی رسول حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت عمار یاسر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت خالد بن ولی کے مزارات مقدسہ اور مساجد کو شہید کرنے اور کتب خانہ کو نذر آتش کرنے کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک کے چھوٹے بڑے 200 سے زائد شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں مظاہرین نے شام میں صحابہ کرام کے مقدس مزارات مسمار کرنے کے خلاف حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ شام کی حکومت سے سخت احتجاج کرے اور اسلامی شعائر کو مٹانے کی اس گھناؤنی کاروائی کی روک تھام کیلئے عالمی فورم پر کردار اداکیا جائے انہوں نے کہا کہ شام میں اسلامی تشخص کے خلاف عالم اسلام میں انتشار وافتراق پیدا کرنے کیلئے فرقہ وارانہ نعروں کی آڑ میں مساجد اور صحابہ کرام کے مزارارت پر بمباری کر کے شہید کیا جارہا ہے اور مسلمانوں کے لہو سے ہولی کھیلی جارہی ہے جس کی ہم پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک طرف شام میں صحابہ کرام کے مزارات کو نشانہ بنایا جارہا ہے تو دوسری جانب میڈیا پر صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی جارہی ہے میڈیا تصویر کا ایک رخ تو دیکھا رہا ہے مگر افسوس شام میں ہونے والا ظلم نہیں دکھائی نہیں دے رہا انہوں نے کہا کہ مزارات مقدسہ کی حفاظت کیلئے جمعیت علماء پاکستان کے کارکنان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
مزارات کو نشانہ بنانے والے ہوش کے ناخن لیں کہیں ایسا نہ ہو کہ عوام کا ہاتھ ان ظالموں کی گردنوں تک پہنچ جائے مظاہروں سے جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان حقوق کی تنظمیں اور اقوام عالم شام میں ہونے والے مظالم کے خلاف کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں پاکستان اسلام کا قلعہ ہے مگر افسوس حکومت پاکستان شامی حکومت سے اس ظلم اور بربریت کے خلاف احتجاج کرنے سے قاصر ہے اگر حکمرانوں میں غیرت ایمانی ہے تو وہ حکومت شام سے احتجاج کرے اور مزارات، مساجد اور کتب خانوں کے خلاف ہونے والے اقدامات کو روکا جائے۔ مقررین نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف شام میں ہونے والے مظالم کے خلاف صدائے حق بلند کریں میڈیا صحابہ کرام کے مزارات کو نشانہ بنانے والے چہروں کو بے نقاب کرے اور میڈیا پر صحابہ کی شان اقدس میں گستاخی کا سلسلہ بند کیا جائے انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام، صحابہ کرام، اور اولیا کرام کے مزارات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے ورنہ عاشقان رسول کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔