وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشتگردوں سے ہمیشہ کیلئے پاک کر دیا جائے، الطاف حسین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے پاک فوج کے جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہوں کو شہید کیا، اگر میری باتوں پر توجہ دے کر ان کے خلاف کارروائی کی جاتی تو آج سانحہ پشاور جیسی بھاری قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی، جبکہ ملک میں آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے ناخوش ہیں۔ اپنے ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشتگردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اس سے قبل بھی پولیس، ایف سی کی چوکیوں اور مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز سمیت دیگر حساس مقامات پر حملے کئے، اور ہمارے افسروں، جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد کو شہید کیا، جبکہ یہ دہشتگرد جس وقت منظم ہو رہے تھے، اس وقت میری باتوں پر توجہ دے کر ان کے خلاف کارروائی کی جاتی تو آج ہمیں سانحہ پشاور جیسی بھاری قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی۔ قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے ناخوش ہیں اور یہی وہ عناصر ہیں جو قوم کو الجھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن وقت آگیا ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دے کر اپنی افواج کے ہاتھوں کو مضبوط کرے، اور دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے اصل چہرے بے نقاب ہوتے ہوئے دیکھ لے۔