حکومت دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کرے،مولانا حسنین عارف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مدارس جعفریہ پاکستان کا ایک اہم اجلاس آج لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت رکن مجلس نظار ت علامہ ناظم رضا عترتی نے کی ، اجلاس میں ، مرکزی ترجمان اور سیکرٹری جنرل ، علّامہ حسنین عارف ، سیکرٹری مالیات،علّامہ اقبال کامرانی ، سیکرٹری روابط ،علّامہ سیّد امتیاز عباس کاظمی ،سیکرٹری نشرواشاعت علّامہ ابوزر مہدوی ، اور مدرسینِ مدارس نے شرکت کی ، اجلاس میں شکارپور میں مسجد میں دورانِ نماز خود کش حملے کی شدید مذمّت کی گئی اور اس پر حکومتی بے حسی پر شدید احتجاج کیا گیا ، اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومتِ سندھ اور مرکزی حکومت کی طرف سے شہداء کے لواحقین کے پاس کسی کا نہ جانا حکومتی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، دو روز گزر جانے کے باوجود ایف آئی آر کا درج نہ ہونا اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ آور کون تھا ، کہاں سے آیا تھا ، کس کی مدد سے وہاں پہنچا ، ان سوالات کے جوابات وفاقی و صوبائی وزیر داخلہ کو فوری طور پر دینا چاہیں ، یہ دھماکہ دراصل فوجی عدالتوں اور آپریشن ضربِ عضب کے خلاف ایک سازش ہے ، پوری دنیا نے شیعوں اور سنیوں کا پر امن احتجاج دیکھا، ہم پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ہر قسم کی مدد کے لئے تیار ہیں۔