آخری سانسیں لیتے دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں، علامہ قاضی نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خاتمے میں پوری قوم ایک پیج پر ہے، اختلافات پیدا کرنے والے طالبان کے ساتھی ہوسکتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ فوج نے فاٹا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس پر قوم شہداء کی ممنون احسان ہے اور ان کے لئے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے فاٹا، بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں تخریبی کارروائیوں سے ناقابل تلافی قومی نقصان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اولیا اور گرجا گھروں کو نشانہ بنانے والے اسلام کے ماننے والے نہیں ہو سکتے، اسلام پر امن دین ہے، یہ خوارج کا ٹولہ سرکوبی کا مستحق ہے، اسی لئے قوم نے دہشت گردوں کے خلاف فوجی اقدامات کی نہ صرف حمایت کی بلکہ انہیں امداد بھی پہنچائی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عمل کیا جانا ضروری ہے، ورنہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔ علامہ نیاز نقوی نے زور دیا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کو ایک سمت عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاق المدارس الشیعہ کے رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہوں یا عسکری قیادت، تمام کو ایک سمت سوچنا چاہیے۔ اختلافات سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نقصان ہوگا، جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔ دہشت گرد اب آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ انشااللہ اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں، جنہوں نے اسی ہزار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہایا ہے۔