Uncategorized

مختلف سیاسی شخصیات کی صوفی سنی رہنماء حامد رضا پر قاتلانہ حملہ کی مذمت

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )سنی اتحاد کونسل کے ترجمان اسد رفیق کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا خیریت سے ہیں اور انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور صبر و تحمل سے کام لیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قاتلانہ حملوں اور گولیوں سے ہمیں خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا۔ دوسری جانب مختلف قومی رہنماؤں نے صاحبزادہ حامد رضا کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی ہے، ان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ٹیلی فون پر خیریت دریافت کرنے والوں میں پاکستان مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی، شیخ رشید احمد، پاکستان عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ امین شہیدی، ناصر عباس شیرازی کے علاوہ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، جمعیت علماء پاکستان کے پیر اعجاز ہاشمی، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، نظام مصطفٰی ﷺ پارٹی کے صدر حاجی حنیف طیب، جے یو پی کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی، تنظیم المدارس پاکستان کے سربراہ مفتی منیب الرحمن شامل ہیں۔

اہلسنّت رہنماؤں نے صاحبزادہ حامد رضا پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ دہشتگردی کے خلاف جرأت مندانہ آواز اٹھانے پر صاحبزادہ حامد رضا کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ اہل حق کو دہشتگرد حملوں سے ڈرایا، دبایا اور جھکایا نہیں جاسکتا۔ اہل حق دہشتگردوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا کو تنہا نہ سمجھا جائے۔ ہر پرامن پاکستانی صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ ہے۔ اہلسنّت رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا پر قاتلانہ حملے کے ملزمان کو گرفتار نہ ہوئے تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گے۔ اشتعال انگیز کارروائیوں سے اہلسنّت کو امن کے راستے سے ہٹایا نہیں جاسکتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button