سنی اتحاد کونسل یکم تا دس محرم الحرم عشرہ امام حسین منائے گی، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ کراچی آپریشن کیخلاف سازش ہے، کراچی آپریشن کو سیاسی مصلحتوں کی نذر نہ کیا جائے، 400 ارب کی سالانہ گیس چوری حکومتی نااہلی ہے، مسلم لیگ ن ہمیشہ دھن، دھونس اور دھاندلی سے الیکشن جیتتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں قیام امن کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، سنی اتحاد کونسل یکم تا دس محرم الحرم ’’عشرہ امام حسین ‘‘ منائے گی، سنی اتحاد کونسل نے محرم میں قیام امن کیلئے اپنا کر دار ادا کرنے کیلئے ضلعی سطح پر امن کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کا عبرتناک انجام قریب ہے، سمجھوتہ ایکسپریس کو روکنا بھاری بوکھلاہٹ ہے، جنوبی پنجاب انتہا پسندی اور دہشتگردی کی نرسری بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن، لوٹ مار، اختیارات کا ناجائز استعمال، قرضے معاف کرانا اور سرکاری زمینوں پر قبضے کرنیوالوں کو سخت سزائیں دی جائیں اور جو شخص بھی کرپشن میں ملوث پایا جائے اس پر تاحیات سیاست میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ماضی کی پالیسیوں سے لا تعلقی اختیار کرنا ہو گی، سندھ رینجرز مخالف اشتہارات کا مقصد رینجرز کو بدنام کرنا تھا، الیکشن کمیشن کھل کر ن لیگ کا ساتھ دے رہا ہے، الیکشن کمیشن شفاف اور منصفانہ انتخابات کی صلاحیت نہیں رکھتا۔